حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ساتویں محرم الحرام کو بھی وادی کے اطراف و اکناف میں متعدد مقامات پر جلوس ہائے عزا برآمد کئے گئے۔

علم شریف کا سب سے بڑا اور مرکزی جلوس حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی کی قیادت میں حسب روایت اندرون کاٹھی دروازہ سے برآمد ہو کر قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں اختتام پذیر ہوا، جس میں دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر انجمنِ شرعی شیعیان سے وابستہ علماء کرام نے مختلف علاقوں میں جلوسوں کے آغاز سے قبل مجالس سے خطاب کرتے ہوئے واقعۂ کربلا کے آفاقی پیغام، حضرت امام حسینؑ اور ان کے باوفا اصحاب کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ دور میں شعائر حسینی اور عزاداریٔ سید الشہداءؑ کے تحفظ اور فروغ کی اشد ضرورت ہے اور نئی نسل کو کربلا کے پیغام، حسینی اقدار اور دینی و اخلاقی تعلیمات سے روشناس کرواتے ہوئے اس عظیم امانت کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا وقت کی اہم ذمہ داری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی جلوس میں انجمن شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین نے بھرپور شرکت کی اور انتظامی امور میں پیش پیش رہے۔ جلوس کے نظم و ضبط، عزاداروں کی رہنمائی اور مختلف سہولیات کی فراہمی میں انجمن کے رضاکاروں نے نمایاں خدمات انجام دیں اور زائرین و عزاداروں کی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔

جن دیگر مقامات پر علم شریف اور تعزیہ کے جلوس برآمد ہوئے ان میں گزرگنڈ پاٹواو بڈگام، کری پورہ بڈگام، وتہ ماگام بیروہ، آستان پورہ چھترگام چاڑورہ، سنزی پورہ چاڑورہ، سوٹھ کٹرباغ چاڑورہ، آستانہ شریف سید صالحؒ یاگی پورہ ماگام، سونہ پاہ بیروہ، میر گنڈ بڈگام، پاریس آباد بڈگام، امام باڑہ بٹہ چک راجہ محلہ دندوسہ، گنائی محلہ گریند کلان بڈگام، توحیدیہ اسکول شالنہ چاڑورہ، امام باڑہ پائین محلہ گریند، لبر تل بڈگام، آستان شریف بابا حیدر علی چاڑورہ، ڈار محلہ ریشی پورہ بڈگام، شالیمار، کرالہ پورہ زڈی بل، جے کے پی سی سی اگرو باغ سرینگر، آباد پورہ گامدو، نوگام سوناواری، کاؤ پورہ بالا، بونہ محلہ اندرکوٹ، گگلو محلہ ذالپور، مدون، اوڑینہ سوناواری، لالہ حاجی اوڑینہ، چھانہ محلہ پائین نوگام بانڈی پورہ دیورہ بارہمولہ، ملہ پورہ دوسلی پورہ پٹن بارہمولہ اور وکھرون پلوامہ شامل ہیں۔

جلوسوں کے دوران عزاداروں نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے شہدائے کربلا کو پرسہ پیش کیا جبکہ فضا ’’لبیک یا حسینؑ‘‘ اور ’’یا حسینؑ‘‘ کی صداؤں سے گونجتی رہی۔
انجمنِ شرعی شیعیان کے مطابق محرم الحرام کے بقیہ ایام میں بھی وادی کے مختلف علاقوں میں مجالسِ عزاء اور جلوسوں کا سلسلہ حسب پروگرام جاری رہے گا۔









آپ کا تبصرہ